
اس چھوٹے سے نقطے پر ایک نظر ڈالیں ... غبار کا یہ ذرہ جو بی کران خلاؤں میں سورج کی کرنوں کے سامنے تیر رہا ہے، یہ ایک چھوٹا اور بیہودہ سا جِرم نہیں ہے ...
یہ مونگ کے دانے برابر چھوٹا نقطہ کرہ ارض ہے اتنی عظمت، خوبصورتی کے باوجود اور اس پر رہنے والے اتنے بزرگوں، قِدّیسوں اور ساتھ ہی بے شمار گنہگاروں، جیتنے والے قہرمانوں اور ہارنے والے پہلوانوں، حاکموں اور محکوموں، فرمانرواؤں اور فرمانبرداروں، صاحبان ثروت اور فقر و غربت کے مارے انسانوں، تخلیق کاروں اور ان کے ہاتھوں کی بنی تخلیقات، تعمیر کاروں اور تخریب کاروں اور خوبصورت چہروں والے طنازوں اور بدصورت بندگان خدا الغرض تمام بدسیرت و بدصورت اور نیک سیرت و نیک صورت مخلوقات کے باوجود...
یہ نقطہ کرہ ارض ہے، تمام کوہساروں، دریاؤں، صحراؤں، سمندروں کا مجموعہ ... جو در حقیقت بہت ہی چھوٹا اور ذرہ برابر ہے عظمت کائنات کے سامنے اور اتنا خاضع و منکسر ہے جہان آفرین کے سامنے ...
«إن ربکم اللّهُ الذی خلق السماوات و الارض فی ستة أیام ثم استوی علی العرش یدبِّرُ الأَمر»... «تمہارا پروردگار وہ خدا ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو چھ اوقات میں خلق فرمایا اور عرش پر مسلط ہوا [وہی ہے جو] کار خلقت کی تدبیر کرتا ہے»...
«وسخَّر لکم اللیل و النهار و الشمس و القمر و النجوم مسخَّرَات بامره فی ذلک لآیات ٍ لقوم یعقلون»... «اور شب و روز اور سورج اور چاند کو تمہارے لئے سدھایا اور ستارے اس کے فرمان پر مسخر ہوگئے ہیں، یقیناً ان امور میں ان لوگوں کے لئے نشانیاں ہیں جو تعقل کرتے اور سوچتے ہیں»...
«و ما خلقنا السّماوات و الأرض و ما بینهما لاعبین»... «اور ہم نے آسمانوں اور زمین اور ان دو کے درمیان جو کچھ ہے، کو بازیچہ بنا کر خلق نہیں کیا»...
«افحسبتم انّما خلقناکم عبثاً و انّکم إلینا لاترجعون»... «کیا تم نے سمجھ رکھا ہے کہ تمہیں ہم نے بیہودہ پیدا کیا ہے؟ اور تم ہماری طرف لوٹائے نہیں جاؤگے؟!»...
«أحسب الناس أن یترکوا أن یقولوا آمنا و هم لایفتنون»... « کیا لوگوں نے گمان کر رکھا ہے کہ وہ محض اظہار ایمان کرکے چھوڑدیئے جائیں گے اوروہ آزمائے نہیں جائیں گے؟»...
ایک بار پھر نظر ڈالیں اس نقطے پر ... غبار کا یہ ذرہ جو بیکران خلاؤں میں سورج کی کرنوں کے سامنے تیر رہا ہے؛ یہ ایک چھوٹا اور بیہودہ جِرم نہیں ہے... اور اس کے ساکنین ـ خواہ نیک خواہ بد ـ عبث خلق نہیں کئے گئے اور تمام فرمانروا اور فرمانبردار اور حاکمین و محکومین ایک روز اس کی طرف لوٹادیئے جائیں گے...
پھر بھی اس نقطے کی طرف دیکھیں ... شاید ہی کوئی تصویر، بنی نوع انسان کا احمقانہ اور غیرعاقلانہ غرور کی ـ اس کی چھوٹے سی دنیا میں ـ اس سے بہتر٬ تصویر کشی کرسکے...
ــــــــــــــــــــــــــ
وضاحت:
بیکران خلا کی یہ تصویر وویجر ـ 1 = Voyager 1 نے اتارکر بھیجی ہے. اس لامتناہی خلا میں کرہ ارض ایک نیلے رنگ کے دائرے کے وسط میں دکھائی دے رہا ہے. یہ تصویر چھ ارب کلومیٹر سے لی گئی ہے. اس تصویر میں زمین کا سائز 12. پیکسل ہے. یہ عجیب تصویر ایک کیمرے کے ذریعے ایک باریک زاوئے سے اتاری گئی ہے جس میں نیلے، سبز اور بنفشی violaceous رنگوں کے فلتر استعمال کئے گئے ہیں.